سیاحوں اور مسافروں کے لیے خوشخبری: بابوسر روڈ ٹریفک کے لیے بحال
چلاس: ناران، کاغان اور گلگت بلتستان کو ملانے والی بابوسر روڈ کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق برف ہٹانے کا کام مکمل ہونے کے بعد روڈ کو چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی خدشات اور مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر شام 4 بجے کے بعد سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکام نے ہدایت کی ہے کہ تمام مسافر اپنا سفر مقررہ وقت سے پہلے مکمل کریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے روڈ پر نفری تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ بابوسر ٹاپ پر برف کی زیادہ مقدار کے باعث پولیس چوکی تاحال مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی۔
واضح رہے کہ بابوسر ٹاپ سطح سمندر سے تقریباً 13,700 فٹ بلندی پر واقع ہے، جہاں ہر سال شدید برفباری کے باعث روڈ بند ہو جاتا ہے۔


