پاکستان کی بحری دفاعی صلاحیت میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی چین میں کمیشننگ کردی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کمیشننگ تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری تھے جب کہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آبدوز ‘ہنگور’ کی کمیشننگ پاک بحریہ کی جدت کے سفر میں ایک تاریخی سنگِ میل ہے، پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع، بحری مفادات کے تحفظ اوراقتصادی راہداریوں کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
دوسری جانب چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کا کہنا تھا کہ اہم بحری راستوں کا تعطل عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے بڑا خطرہ ہے، یہ آبدوزیں جارحیت کو روکنے اور بحیرہ عرب میں اہم سمندری تجارتی گزرگاہوں کی سلامتی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے مزید کہا کہ 1971 کی پاک۔بھارت جنگ میں سابقہ ‘ہنگور’ دوسری جنگ عظیم کے بعد کسی بحری جہاز کو تباہ کرنے والی پہلی آبدوز تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ترین ایئر انڈیپنڈنٹ پروپلشن ٹیکنالوجی، سونار سسٹمز، اسٹیلتھ ڈیزائن اور زیر آب طویل آپریشنز کی صلاحیت رکھتی ہیں، پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی کمیشننگ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور گہری دوستی کا ایک نیا باب ہے۔
آخر میں وزیراعظم پاکستان، آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے پوری قوم اور پاک بحریہ کو اس تاریخی سنگِ میل کے حصول پر مبارکباد پیش کی ہے۔


