ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کے لیے اس کے پڑوسی ممالک اولین ترجیح رکھتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں عباس عراقچی نے عمانی قیادت کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسقط میں ہونے والی ملاقات انتہائی مثبت ماحول میں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران دوطرفہ امور اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی جبکہ آبنائے ہرمز میں محفوظ اور بلا رکاوٹ ٹرانزٹ کو یقینی بنانے کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ علاقائی استحکام اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے بات چیت جاری رکھنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سلطان عمان اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان مسقط میں ملاقات ہوئی تھی جس میں خطے کی صورتحال، ثالثی کی کوششوں اور پیش رفت پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔


