جاپانی کمپنی نے ایک ایسا حیران کن تکیہ تیار کیا ہے جو صرف ایک بٹن دبانے سے خودکار طور پر ایڈجسٹ ہو جاتا ہے اور پوری رات کے دوران بغیر آپ کو جگائے نیند کی پوزیشن کو نرمی سے بدلتا رہتا ہے۔

اس تکیے کے بنانے کا مقصد بڑھتی عمرکے دوران نیند میں کم حرکت کی وجہ سے جنم لینے والے صحت مسائل کو کم کرنا ہے۔
مراکرو پلو کو یوکیہیرو تاکینوچی نے ڈیزائن کیا ہے جو ریراکورو نامی جاپانی ریلیکسیشن سیلون برانڈ کے بانی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ نیند کے دوران جسم کی پوزیشن جس پر ہمارا زیادہ اختیار نہیں ہوتا جاگنے کے بعد کی کیفیت پر ہماری سوچ سے زیادہ اثر ڈالتی ہے۔ رات کے دوران کم حرکت کرنے سے جسم کے کچھ حصوں پر زیادہ دباؤ پڑتا ہے کیونکہ وہ طویل وقت تک ایک ہی حالت میں رہتے۔
مراکرو نامی یہ تکیہ خاص طور پر سیدھا اور کروٹ لے کر سونے والوں کے لیے بنایا گیا ہے۔ اس میں چھ مختلف سمتوں میں کام کرنے والے ایئر چیمبرز موجود ہیں جو آہستہ آہستہ ہوا بھرنے پر پھولتے اور سکڑتے رہتے ہیں تاکہ رات بھر سر کی پوزیشن میں معمولی تبدیلی آتی رہے۔

اس میں نہ کوئی ایپ ہے اور نہ ہی کسی خاص سیٹ اپ کی ضرورت تمام برقی پرزے بستر کے ساتھ رکھے گئے ایک کنٹرولر میں ہوتے ہیں۔ تکیے کے اندر صرف ہوا کے یہ خانے ہوتے ہیں جو خاموشی سے دباؤ کے پوائنٹس بدلتے رہتے ہیں بغیر آپ یا آپ کے ساتھی کی نیند میں خلل ڈالے۔
اس تکیے کا مقصد یہ ہے کہ آپ صبح زیادہ تازگی کے ساتھ جاگیں اور وہ بھاری پن محسوس نہ کریں جو عام طور پر ختم ہونے میں وقت لیتا ہے۔
کِک اسٹارٹر مہم کے دوران اس تکیے نے خاصی توجہ حاصل کی ہے اور اب تک 220 سے زائد افراد اس کے لیے پیشگی رقم ادا کر چکے ہیں اور اس کی ترسیل جون میں شروع ہونے کی توقع ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ تکیہ ہر کسی کے لیے موزوں ہے اور اس کا وزن تقریباً 4.2 کلوگرام ہے۔
اس کے تمام فنکشز 50 ڈیسیبل سے بھی کم آواز میں نہایت خاموشی سے کام کرتے ہیں جبکہ ابتدائی خریدار اسے 261 امریکی ڈالر میں اپنا پری آرڈر بک کرواسکتے ہیں۔


