spot_imgspot_imgspot_imgspot_img
21 April, 2026

کالم / تجزیہ

spot_img

مقبول خبریں

spot_img

114 سال پرانی یادگار، ٹائی ٹینک سے بچنے والی خاتون کی لائف جیکٹ ریکارڈ قیمت پر نیلام

1912 میں ڈوبنے والے مشہور بحری جہاز ٹائی ٹینک سے بچ جانے والی ایک خاتون مسافر کی لائف جیکٹ برطانیہ میں ریکارڈ قیمت پر نیلام کر دی گئی۔

برطانوی آکشن ہاؤس کے مطابق یہ لائف جیکٹ 9 لاکھ 4 ہزار 500 امریکی ڈالر (تقریباً 25 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت ہوئی، جو توقعات سے کہیں زیادہ ہے۔ نیلامی سے قبل اندازہ لگایا گیا تھا کہ اس کی قیمت 3 لاکھ 39 ہزار سے 4 لاکھ 74 ہزار ڈالر کے درمیان رہے گی۔

یہ لائف جیکٹ لورا میبل نامی مسافر کی تھی، جو ٹائی ٹینک کے فرسٹ کلاس کیبن میں سفر کر رہی تھیں۔ وہ حادثے کے دوران لائف بوٹ نمبر 1 میں سوار ہو کر محفوظ رہیں۔ اس جیکٹ پر لورا میبل اور دیگر بچ جانے والے افراد کے دستخط بھی موجود ہیں، جس کی وجہ سے اس کی تاریخی اہمیت مزید بڑھ گئی۔

یاد رہے کہ ٹائی ٹینک اپریل 1912 میں اپنے اولین سفر کے دوران برطانیہ سے امریکا جاتے ہوئے بحرِ اوقیانوس میں ایک برفانی تودے سے ٹکرا کر ڈوب گیا تھا۔ اس المناک حادثے میں ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے جبکہ تقریباً 700 افراد کو بچا لیا گیا۔

یہ جہاز اپنے دور کا سب سے پرتعیش اور جدید ترین بحری جہاز سمجھا جاتا تھا اور اسے ’ناقابلِ غرق‘ قرار دیا گیا تھا، تاہم اس کے ڈوبنے نے دنیا بھر کو ہلا کر رکھ دیا۔

حادثے کے کئی دہائیوں بعد، 1985 میں امریکی ماہرِ بحریات رابرٹ بالارڈ اور ان کی ٹیم نے اس کے ملبے کو دریافت کیا، جو اس وقت تک ایک معمہ بنا ہوا تھا۔

نیلامی کرنے والے ادارے کے مطابق ٹائی ٹینک سے جڑی ہر چیز ایک کہانی بیان کرتی ہے اور یہ لائف جیکٹ بھی اسی تاریخی سانحے کی ایک نایاب یادگار ہے۔ اس جیکٹ کو اس سے قبل بلفاسٹ کے ایک میوزیم میں رکھا گیا تھا، تاہم خریدار کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں