سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ضلع بنوں میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائی اس وقت کی گئی جب علاقے میں خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملی، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک اہم کمانڈر وحیداللہ عرف مختیار اور ایک خودکش بمبار شامل ہے جن کا تعلق بھارتی حمایت یافتہ تنظیم”فتنہ الخوارج“ سے بتایا جارہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وحیداللہ انتہائی مطلوب دہشتگرد تھا جو متعدد حملوں میں ملوث رہا ہے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں سے خودکش جیکٹ، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 21 فروری 2026 کو بنوں میں ہونے والے خودکش حملے کا مرکزی ماسٹر مائنڈ بھی یہی دہشتگرد تھا جس میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز شہید ہوئے تھے۔
سیکیورٹی فورسز کے مطابق بروقت کارروائی کے نتیجے میں ایک بڑا ممکنہ حملہ ناکام بنایا گیا جبکہ علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بھرپور شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔


