امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس ایران سے جنگ بندی مذاکرات کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کر رہے ہیں جب کہ خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی ہمراہ ہیں۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفد کا استقبال کیا جب کہ اسحاق ڈار نے امریکی قیادت کے امن و استحکام کے لیے عزم کو سراہا۔
پاکستان نے فریقین کے درمیان بامقصد اور تعمیری مذاکرات کی امید ظاہر کردی اور تنازع کے پائیدار حل کے لیے سہولت کاری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس سے قبل ایران کا اعلیٰ سطحی وفد اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کے لیے پہنچ گیا ہے جس کی قیادت محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں جب کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
اسلام آباد آمد پر وفد کا استقبال پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیا تاہم اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔
اس کے علاوہ چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے بھی معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ مذاکرات تعمیری انداز میں آگے بڑھیں گے۔


