اسلام آباد: ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے بطور ثالث کردار کو دنیا بھر کے ممالک نے سراہا ہے۔ عالمی رہنماؤں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک سفارتی کوششوں کو نہایت قابلِ ستائش قرار دیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بات چیت کے بعد ایران کے ساتھ جنگ روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔
جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے کہا کہ وہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہیں اور پاکستان کے بطور ثالث کردار کو سراہتے ہیں۔
ترکیہ کی وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کی کامیاب تکمیل کے لیے تمام ضروری تعاون جاری رکھیں گے۔
چین کے سفیر جیانگ زائیدونگ نے مشرقِ وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین امن کے لیے پاکستان کی فعال ثالثی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
قطر نے بھی وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے بطور ثالث کامیاب اور مؤثر کردار کو بھرپور انداز میں سراہا۔ سعودی وزارت خارجہ نے بھی جنگ بندی میں دونوں رہنماؤں کی کوششوں کو سراہا۔
ایرانی سفیر رضا امیری نے کہا کہ پاکستان کے بطور ثالث کردار کے بعد ہم ایک اہم اور حساس مرحلے سے آگے بڑھ چکے ہیں۔ برطانوی سفیر جین میریٹ نے امن کے لیے پاکستان کے مؤثر اور نتیجہ خیز کردار اور کامیاب سفارت کاری پر بھرپور شکریہ ادا کیا۔
سابق اطالوی وزیراعظم پاؤلو جینٹیلون نے کہا کہ امریکا ایران جنگ بندی میں بطور ثالث کردار پر پاکستان نوبل امن انعام کا حق دار ہے۔ قازقستان کے صدر نے بھی جنگ بندی میں کردار پر وزیراعظم اور آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی انتھک کوششوں کو سراہا۔ نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے کہا کہ نیوزی لینڈ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے ساتھ ساتھ پاکستان کے بھرپور کردار کو بھی سراہتا ہے۔
یوکرینی وزیر خارجہ آندری سیبیہا نے کہا کہ امریکا ایران جنگ بندی اور ثالثی کے لیے پاکستان کا بہترین کردار قابل ستائش ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان بطور نیٹ سیکیورٹی پروائیڈر اور نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کے طور پر عالمی افق پر مضبوطی اور وقار کے ساتھ ابھر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال میں بے پناہ پیچیدگیوں کے باوجود ایک انتہائی اہم اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان نے عالمی طاقت امریکا اور ایران کو اپنے اثر و رسوخ اور متوازن تعلقات کے باعث مذاکرات پر مجبور کیا۔


