گلگت۔
سیکریٹری واٹر اینڈ پاور صفدر خان کی زیر صدارت 5.7 میگاواٹ روف ٹاپ سولر انرجی (لاٹ ٹو) منصوبے کے لیے فنانشل بڈ اوپننگ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ حکام، بڈرز اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر سیکریٹری واٹر اینڈ پاور صفدر خان نے کہا کہ یہ منصوبہ خطے میں بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے، لوڈ شیڈنگ میں کمی لانے اور ماحول دوست توانائی کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں حکومتِ گلگت بلتستان کی جانب سے عوام کو درپیش بجلی بحران پر قابو پانے کے لیے ایک سنجیدہ اور عملی قدم ہے۔ حکومت گلگت بلتستان عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور توانائی کے دیرپا حل یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، میرٹ اور قانون کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری یہ کاوش نہ صرف خطے میں گڈ گورننس اور احتساب کی مضبوط مثال قائم کرے گی بلکہ جدید اور متبادل توانائی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سولر انرجی منصوبے مستقبل میں توانائی کے شعبے میں خود کفالت کی بنیاد فراہم کریں گے اور مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
یاد رہے کہ گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی بڑے توانائی منصوبے کے لیے اس قدر کھلے اور شفاف انداز میں ٹینڈر پراسیس مکمل کیا جا رہا ہے، جو حکومت کی شفافیت اور عوامی مفاد سے وابستگی کا عملی ثبوت ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس نوعیت کے شفاف اور عوام دوست اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے، تاکہ گلگت بلتستان ترقی، خوشحالی اور توانائی کے شعبے میں خود انحصاری کی راہ پر مزید مستحکم انداز میں آگے بڑھ سکے۔


