spot_imgspot_imgspot_imgspot_img
27 February, 2026

کالم / تجزیہ

spot_img

مقبول خبریں

spot_img

گلگت بلتستان میں شجرکاری مہم 2026 کا باقاعدہ آغاز، نگراں وزیر اعلیٰ نے افتتاح کیا

گلگت

نگراں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے موسمِ بہار شجرکاری مہم 2026 کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔

محکمہ جنگلات و جنگلی حیات گلگت بلتستان کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کو سرسبز و شاداب بنانے اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط اور موثر اقدامات کیے جائیں گے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے مذید کہا کہ محکمہ جنگلات ایک نہایت اہم محکمہ ہے اور شجرکاری مہم میں ہر فرد کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ چلاس سمیت مختلف علاقوں میں جنگلات ہمارے قیمتی اثاثے تھے جو بتدریج ختم ہو رہے ہیں، اور جنگلات کی بے دریغ کٹائی کے باعث سیلابوں اور دریائی کٹاؤ جیسے مسائل میں اضافہ ہوا۔

وزیر اعلیٰ نے موسمیاتی تبدیلی اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کو ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس سے غافل نہیں رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ درخت لگانا اور ان کی نگہداشت کرنا نہایت ضروری ہے کیونکہ درخت ہماری بنیادی ضرورت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ایک موثر میکنزم تشکیل دیا جائے گا اور جنگلات کے تحفظ کے لیے قانون سازی بھی کی جائے گی۔انہوں نے کہ جنگلات اور درختوں کے تحفظ میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے علیحدہ آزاد عدالت کے قیام کا عندیہ بھی دیا۔

انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی اور مسائل پر قابو پانے کے لیے محکمہ جنگلات میں علیحدہ فورس کا قیام ناگزیر ہے۔

انہوں نے سرمایہ کاروں کو بھی دعوت دی کہ وہ صوبے میں سرمایہ کاری کریں تاکہ گلگت بلتستان کو سرسبز اور ترقی یافتہ بنایا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے۔

نگراں وزیر جنگلات و جنگلی حیات حافظ شراف الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ گلوبل وارمنگ کے نقصانات دہشتگردی سے کہیں زیادہ سنگین ہیں اور اس سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات ہم سب کا مشترکہ ادارہ ہے اور عوام کے تعاون کے بغیر یہ مشن کامیاب نہیں ہو سکتا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری جنگلات سید وحید شاہ نے کہا کہ یہ مہم گرین پاکستان پروگرام کی اپ اسکیلنگ کا حصہ ہے جس کا مقصد شجرکاری کے عمل کو مزید وسعت دینا اور اسے پائیدار بنانا ہے۔

اب تک ساڑھے تین کروڑ پودے تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ رواں مہم کے دوران 35 لاکھ جنگلی اور پھلدار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

یہ مہم گلگت بلتستان کے دس اضلاع میں جاری رہے گی اور جہاں ضرورت ہوگی وہاں شجرکاری کی جائے گی۔ انہوں نے اس عمل کو کار خیر اور صدقہ جاریہ قرار دیا۔چیف کنزرویٹر فاریسٹ محمود غزنوی نے تقریب میں خوش آمدیدی کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ صوبائی سطح کا اہم ایونٹ ہے جس کا مقصد شجرکاری کو عوامی مہم بنانا ہے۔

تقریب کے اختتام پر مختلف سیکریٹریز اور اعلیٰ حکام نے بھی پودے لگائے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو محکمہ جنگلات کی جانب سے یادگاری سووینئر بھی پیش کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں