بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے 12 مقامات پر حملے ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے کارروائیوں میں 67 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا جبکہ مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے جوان شہید ہوئے جن کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بلوچستان کے 12 مختلف مقامات پر بزدلانہ حملے کیے، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں یہ تمام حملے ناکام بنا دیے گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ ان دہشت گردانہ کارروائیوں میں اب تک فتنۃ الہندوستان کے 58 دہشت گرد جہنم واصل ہو چکے ہیں جب کہ اس دوران سیکیورٹی اداروں اور پولیس کے 10 جوان اس دھرتی اور عوام کی حفاظت کے لیے لڑتے ہوئے شہید ہوئے ہیں۔
نماز جنازہ ادا
بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث دہشتگردوں کو جہنم واصل کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
شہداء کی نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شرکت کی، اس کے علاوہ کور کمانڈر بلوچستان ، صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور آئی جی پولیس بلوچستان سمیت اعلیٰ حکام بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ ملک کی سلامتی کے لئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مستعدی اور کامیابی سے ان حملوں کو ناکام بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو توڑ نہیں سکتی، بلکہ قوم کو مزید مضبوط بناتی ہے، دہشت گرد عناصر ریاست کی طاقت اور عوام کے عزم کے سامنے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف لوکیشنز پر دہشت گردوں کا تعاقب اور انگیجمنٹ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں مزید دہشت گردوں کی ہلاکتیں اور نقصانات کی بھی اطلاعات ہیں۔
واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے 10 شہدا کے علاوہ فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے گوادر میں خضدار سے تعلق رکھنے والے ایک بلوچ مزدور خاندان کے 5 افراد سمیت 11 شہریوں کو بھی شہید کر دیا، جن میں ایک خاتون کے علاوہ 3 بچے بھی شامل ہیں۔
سیکیورٹی فورسز کی طرف سے دہشت گردوں کا تعاقب کرتے ہوئے آپریشنز اور فضائی نگرانی کا سلسلہ جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دہشت گردانہ کارروائیوں کے دوران ہندوستانی میڈیا اور سوشل میڈیا کی فتنۃ الہندوستان کی مکمل سپورٹ دونوں کے گٹھ جوڑ کو مزید واضح کرتی ہے۔
ذرائع کے مطابق یاد رہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے گزشتہ 48 گھنٹوں میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اس کے علاوہ دیگر کارروائیوں کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 41 دہشت گرد پہلے ہی جہنم واصل کر چکے ہیں۔


