سکردو میں 2026 کی پہلی قومی پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز
نگران مشیر برائے سوشل ویلفیئر، بہبودِ آبادی، ترقیٔ نسواں و تحفظِ اطفال سیدہ فاطمہ موسوی نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا
سکردو: ریجنل ہیلتھ کوارٹر ہسپتال سکردو میں سال 2026 کی پہلی قومی پولیو مہم کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی نگران مشیر گلگت بلتستان برائے سوشل ویلفیئر، بہبودِ آبادی، ترقیٔ نسواں و تحفظِ اطفال سیدہ فاطمہ موسوی تھیں۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سکردو نثار حسین، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر کرامت رضا اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO) کے نمائندہ ڈاکٹر پرویز نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر سیدہ فاطمہ موسوی نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر قومی پولیو مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سمیت تمام حفاظتی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ویکسینیشن کے مکمل کورس کو یقینی بنائیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر کرامت رضا نے پولیو مہم کے سلسلے میں ضلع سطح پر کیے گئے انتظامات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ کوئی بچہ ویکسینیشن سے محروم نہ رہے۔
اس موقع پر اُن والدین کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی جنہوں نے اپنے بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کا کورس باقاعدگی سے مکمل کرایا، تاکہ دیگر والدین بھی اس قومی فریضے کی اہمیت کو سمجھیں۔


