اسلام آباد. گلگت بلتستان میں جدید انٹرنیٹ اور ٹیلی کام سہولیات کے فروغ کے لیے نگران وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و اطلاعات غلام عباس نے یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر چوہدری مدثر نوید سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سی ای او یو ایس ایف نے نگران وزیر کو یو ایس ایف کے کردار، کارکردگی اور پاکستان کے چاروں صوبوں میں جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ یو ایس ایف ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،
جس سے عوام کو تعلیم، صحت اور روزگار کے بہتر مواقع میسر آ رہے ہیں۔ نگران وزیر غلام عباس نے یو ایس ایف کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دیہی اور پہاڑی علاقوں میں ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بھی یو ایس ایف کے ماڈل کو اپنانے سے علاقے کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان ایک ٹیکس فری زون ہے، جس کی وجہ سے آئی ٹی کمپنیوں، اسٹارٹ اپس اور فری لانسرز کے لیے یہاں سرمایہ کاری اور روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ نگران وزیر کے مطابق بہتر اور تیز رفتار انٹرنیٹ کی دستیابی سے نہ صرف آئی ٹی سیکٹر کو فروغ ملے گا بلکہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
غلام عباس نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی گلگت بلتستان کو قومی اور عالمی سطح پر ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنے میں مدد دے گی اور یہ علاقہ مستقبل میں ایک اہم ڈیجیٹل مرکز بن سکتا ہے۔ ملاقات کے اختتام پر نگران وزیر اور سی ای او یو ایس ایف نے گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ اور ٹیلی کام سہولیات کو مزید بہتر بنانے، نئے منصوبوں پر کام کرنے اور عوام کو جدید ٹیکنالوجی کے ثمرات پہنچانے کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔


