چلتا پھرتا ڈاک فلم فیسٹیول کا لاہور میں کامیاب اختتام
لاہور. پاکستان ڈاکومنٹری ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام چلتا پھرتا ڈاک فلم فیسٹیول کا چوتھا ایڈیشن لاہور میں اختتام پذیر ہوا، جس میں بڑی تعداد میں فلم سازوں، فلمی حلقوں اور شائقین نے شرکت کی۔
فیسٹیول 20 دسمبر سے شروع ہوا اور پاکستان کے مختلف شہروں میں نمائش کے بعد لاہور میں اختتام پذیر ہوا۔ فیسٹیول میں منتخب شارٹ اور دستاویزی فلموں کی نمائش کی گئی جن میں سماجی مسائل، ثقافتی ورثے، انسانی حقوق، ماحولیات اور روزمرہ زندگی جیسے موضوعات کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا۔
منتظمین کے مطابق فیسٹیول کا مقصد معیاری دستاویزی فلموں کو بڑے شہروں تک محدود رکھنے کے بجائے مختلف علاقوں تک پہنچانا تھا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان فلموں سے فکری آگاہی اور رہنمائی حاصل کر سکیں۔
اختتامی تقریب میں فلم سازوں اور ناظرین کے درمیان مکالمہ بھی ہوا، جس میں دستاویزی فلم سازی کے مستقبل اور اس کے سماجی کردار پر گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے فیسٹیول کو ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسے پروگرام مستقبل میں بھی جاری رہیں گے تاکہ پاکستان میں دستاویزی فلم سازی کو فروغ مل سکے۔


