فلاڈیلفیا: امریکی نیوز اینکر جم ڈونوون نے رنگ برنگے موزوں کی سب سے زیادہ تعداد جمع کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی شہر فلاڈیلفیا سے تعلق رکھنے والے معروف ریٹائرڈ نیوز اینکر جم ڈونوون نے رنگ برنگے موزوں سے محبت کو ایک منفرد عالمی اعزاز میں تبدیل کر دیا
اینکر کے پاس ایک ہزار 531 منفرد جوڑیوں پر مشتمل موزوں کا ذخیرہ موجود ہے۔ جسے دنیا کی سب سے بڑی موزوں کی کلیکشن تسلیم کر لیا گیا ہے۔
جم ڈونوون کے مطابق دوران ملازمت ناظرین اکثر ان کے رنگین اور منفرد موزوں کو نوٹس کرتے تھے۔ جس کے بعد مداحوں نے انہیں تحفے کے طور پر مختلف ڈیزائنز اور رنگوں کے موزے بھیجنا شروع کر دیئے۔
انہوں نے کہا کہ بعض مداحوں نے تو خصوصی طور پر ایسے موزے بھی تیار کروائے۔ جن پر خود جم ڈونوون کی تصویر بھی بنی ہوئی تھی۔ برسوں کے دوران انہیں ہزاروں کی تعداد میں موزے موصول ہوئے۔ اور یہ شوق رفتہ رفتہ ایک بڑی اور منفرد کلیکشن میں تبدیل ہو گیا۔
جم ڈونوون نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے موقع پر انہوں نے اس شوق کو باضابطہ طور پر عالمی ریکارڈ کی شکل دے دی۔ اور عالمی ریکارڈ بنانا ان کی دیرینہ خواہشات میں شامل تھا۔
انہوں نے کہا کہ بچپن میں عالمی ریکارڈز کی کتاب انہیں بے حد متاثر کرتی تھی۔ جس نے ان کے دل میں خود کوئی ریکارڈ بنانے کا خواب پیدا کیا۔
ان کے مطابق یہ اعزاز حاصل کرنا ان کے لیے نہ صرف ذاتی خوشی کا باعث ہے۔ بلکہ ان کے طویل صحافتی کیریئر کا ایک یادگار اور منفرد اختتام بھی ثابت ہوا ہے۔


