زیورخ: سوئٹزرلینڈ میں ایک دن کے وقفے کے بعد شدید برف باری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شمال کی جانب سے آنے والی سرد ہواؤں اور مسلسل موسلا دھار بارش کے باعث مختلف علاقوں میں درجۂ حرارت منفی 5 سے منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز تک برف باری کا یہ سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ شدید سردی برقرار رہ سکتی ہے۔
دوسری جانب محکمۂ صحت نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، خاص طور پر بزرگوں اور بچوں کو اضافی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ سردی سے متعلق بیماریوں سے بچا جا سکے۔
محکمۂ ٹرانسپورٹ نے بھی خبردار کیا ہے کہ سفر سے قبل گاڑیوں کے ٹائروں کی حالت، سنو چین کے استعمال اور گاڑی کی مکمل صفائی کو یقینی بنایا جائے، تاکہ برفانی سڑکوں پر کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔


