:گلگت
محکمہ صحت گلگت بلتستان اور شفا انٹرنیشنل ہاسپٹل اسلام آباد کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت، گلگت بلتستان کے بڑے ہسپتالوں سے منتخب کردہ پیرا میڈیکل سٹاف اور نرسنگ سٹاف کی ریفریشر کورسز اور تربیتی پروگراموں کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔
اس سلسلے میں پہلے بیچ کے منتخب کردہ عملے کو انٹینسو کیئر یونٹ (آئی سی یو) اور نیو نیٹل انٹینسو کیئر یونٹ (این آئی سی یو) کی جدید ترین تربیت دی جا رہی ہے۔ یہ تربیتی پروگرام گلگت بلتستان کے صحت کے شعبے کو مزید مستحکم اور جدید بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔
محکمہ صحت گلگت بلتستان کے زمہ داران نے اس موقع پر کہا کہ “یہ معاہدہ ہمارے صحت کے نظام کو قومی سطح کے معیار تک لے جانے میں معاون ثابت ہوگا۔ شفا انٹرنیشنل ہاسپٹل کی مہارت سے مستفید ہو کر ہم اپنے سٹاف کو جدید ترین طبی مہارتوں سے آراستہ کر رہے ہیں، جو بالخصوص دور دراز علاقوں میں رہنے والے عوام کے لیے فائدہ مند ہوگا۔”
یہ تربیتی پروگرام باقاعدگی سے جاری رہے گا اور آئندہ بیچوں میں مزید سٹاف کو شامل کیا جائے گا۔ محکمہ صحت گلگت بلتستان عوام کو یقین دلاتا ہے کہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔


