اسلام آباد:
یکم جنوری سے بجلی کے اوسط بنیادی ٹیرف میں ایک روپے 79 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نیپرا نے ڈسکوز کی درخواست پر بجلی کے اوسط بنیادی ٹیرف سے متعلق اپنا فیصلہ جاری کر دیا ہے، جسے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق وفاقی حکومت سے منظوری کے بعد ہوگا۔
نیپرا کے مطابق جنوری 2026ء سے فی یونٹ بجلی کے اوسط نرخ 33 روپے 38 پیسے مقرر کیے گئے ہیں جب کہ اس وقت ملک میں نافذالعمل فی یونٹ بجلی کے اوسط بنیادی نرخ 31 روپے 59 پیسے ہیں۔ نیپرا کا متعین کردہ نیا ٹیرف موجودہ ٹیرف سے ایک روپے 79 پیسے فی یونٹ زیادہ ہے۔


