spot_imgspot_imgspot_imgspot_img
28 April, 2026

کالم / تجزیہ

spot_img

مقبول خبریں

spot_img

SCO: بابوسر ٹاپ تا چلاس زیرو پوائنٹ زیرِ زمین آپٹیکل فائبر منصوبہ مکمل

بابوسر ٹاپ تا چلاس زیرو پوائنٹ زیرِ زمین آپٹیکل فائبر منصوبہ مکمل

گلگت بلتستان کے لیے انتہائی اہم بیک ہال کمیونیکیشن لنک بابوسر ٹاپ تا چلاس زیرو پوائنٹ زیرِ زمین آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کا منصوبہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے خطے میں ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کو مستقل اور محفوظ بنیادوں پر بحال کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 22 جولائی 2025 کو بابوسر ویلی میں ہونے والے شدید کلاؤڈ برسٹ کے باعث آنے والی غیر معمولی لینڈ سلائیڈ سے اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (SCO) کی بیک ہال آپٹیکل فائبر کیبل کو شدید نقصان پہنچا تھا۔

بابوسر ٹاپ تا چلاس زیرو پوائنٹ شاہراہ پر تھک گاؤں کے قریب 8 مختلف مقامات پر تقریباً 8 کلومیٹر کے حصے میں کیبل متاثر ہوئی جبکہ لوشی پل کے مقام پر مین روڈ کے ساتھ موجود آپٹیکل فائبر مکمل طور پر بہہ گئی۔ اس المناک حادثے میں 22 سے زائد سیاح اور مقامی افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ایس سی او کی فیلڈ ٹیموں نے ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے 48 گھنٹوں کے اندر 24 جولائی 2025 کو پہاڑوں کے اوپر سے عارضی آپٹیکل فائبر بچھا کر کمیونیکیشن سروس بحال کر دی تھی۔ تاہم یہ عارضی انتظام کھلی حالت میں ہونے کے باعث سڑک کی بحالی اور ملبہ ہٹانے کے جاری کاموں کے دوران بار بار نقصان کا شکار ہو رہا تھا۔

کمیونیکیشن نظام کو مستقل اور محفوظ بنانے کے لیے ایس سی او نے متاثرہ حصوں میں آپٹیکل فائبر کو دوبارہ زیرِ زمین بچھانے کا منصوبہ شروع کیا، جس کا آغاز 15 اکتوبر 2025 کو ہوا۔ یہ منصوبہ محض ڈھائی ماہ کے قلیل عرصے میں مکمل کر لیا گیا۔

منصوبے کے تحت گلگت بلتستان کی مرکزی بیک ہال کنیکٹیوٹی کے لیے مجموعی طور پر 16 کلومیٹر زیرِ زمین آپٹیکل فائبر کیبل کو 7 مختلف حصوں میں بچھایا گیا ہے۔ تمام سیکشنز کو کامیابی سے فعال (Energize) کر دیا گیا ہے اور آپٹیکل فائبر کیبل کو اس کی اصل زیرِ زمین حالت میں مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔

منصوبے کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورک مزید مستحکم ہو گیا ہے، جس سے نہ صرف عوام بلکہ سرکاری اداروں، سیکیورٹی فورسز اور سیاحتی سرگرمیوں کو بھی بہتر مواصلاتی سہولیات میسر آئیں گی۔

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں