آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) نے آگاہ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت کر لیے ہیں اور ان ذخائر سے یومیہ 4 ہزار 100 بیرل تیل نکالا جاسکے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم ڈویژن کے امور پر اہم اجلاس ہوا جہاں پیٹرولیم اور گیس سیکٹر کے روڈمیپ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) نے ضلع کوہاٹ میں ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت کر لیے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان ذخائر سے یومیہ 4100 بیرل تیل نکالا جا سکے گا، اس سال سردی کے موسم میں گھریلو صارفین کو پچھلے سال کی نسبت بہتر پریشر کے ساتھ گیس مہیا کی جا رہی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ آر ایل این جی کے کنکشنز پر تیزی سے کام جاری ہے اور جون 2026 تک 3 لاکھ 50 ہزار کنکشنز کا ٹارگٹ مکمل کرلیا جائے گا، شیوا گیس فیلڈ اور بٹانی گیس فیلڈ کے لیے پائپ لائنز کو کمیشن کیا جا چکا ہے جبکہ کوٹ پالک گیس فیلڈ سے پائپ لائن پر کام جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ناشپا بلاک میں تیل اور گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارک باد دی اور متعلقہ اداروں کے کام کی تعریف کی۔
اجلاس کی شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت ہماری ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کی مد میں خرچ ہونے والا زر مبادلہ بچایا جا سکے۔
انہوں نے وزیراعظم کی تیل و گیس سپلائی چین کو درآمد ہونے سے لے کر صارفین کے استعمال تک ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹائز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تیل و گیس کی ترسیل کی سپلائی چین کی ڈیجیٹائزیشن سے ان مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام ممکن ہوگی اور قومی خزانے کو فائدہ پہنچے گا۔


