اسلام آباد کی مارگلہ پہاڑیوں کی بلند ترین چوٹی ٹلہ چرونی پر 31 دسمبر 2025 کی رات سے 2 جنوری 2026 کی صبح کے دوران ممکنہ برفباری سے متعلق سوشل میڈیا پر خبریں گردش کر رہی ہیں۔
ان دعوؤں کے مطابق کسی ممکنہ گرج چمک کے طوفان کے نتیجے میں شدید ژالہ باری یا برفباری ہو سکتی ہے، جس سے علاقے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ٹلہ چرونی، جو سطح سمندر سے تقریباً 1,604 میٹر (5,262 فٹ) بلند ہے، مارگلہ ہلز نیشنل پارک کا حصہ ہے اور اسلام آباد کے مضافات میں واقع ہے۔
تاہم پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے ان خبروں کو محض قیاس آرائیاں قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق آئندہ چند دنوں کے دوران مارگلہ کی پہاڑیوں پر برفباری کا کوئی امکان نہیں ہے۔
پی ایم ڈی نے وضاحت کی ہے کہ اس وقت علاقے میں کم سے کم سطحی درجہ حرارت تقریباً 3 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جبکہ برفباری کے لیے درجہ حرارت کا نقطۂ انجماد یعنی صفر ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے کم ہونا ضروری ہوتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غیر مصدقہ خبروں پر انحصار کرنے کے بجائے سرکاری موسمیاتی اطلاعات کو ترجیح دیں، خصوصاً سردیوں کے موسم میں جب پہاڑی علاقوں میں موسم کی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو سکتی ہے۔


