ہنزہ،غلکین میں گلاف ٹو منصوبے کے تحت کمیونٹی بیسڈ ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ سینٹر کا افتتاح
یو این ڈی پی پاکستان کے آپریشنز ایڈوائزر نے سینٹر کا افتتاح کیا، مقامی کمیونٹی کی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں بہتری کا عزم
سینٹر کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے بنیادی آلات اور ضروری سہولیات سے لیس ہے،افتتاحی تقریب سے مقررین کا خطاب
ہنزہ:اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) اور حکومتِ پاکستان کے اشتراک سے جاری گلاف ٹو منصوبے کے تحت ضلع ہنزہ کے گاؤں غلکین میں تعمیر کیے گئے کمیونٹی بیسڈ ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔
افتتاح یو این ڈی پی پاکستان کے آپریشنز ایڈوائزر اور قائم مقام ریزیڈنٹ ریپریزنٹیٹو، جناب کریشنا راج ایدیکاری نے کیا۔ یہ سینٹر علاقائی سطح پر قدرتی آفات، بالخصوص گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے مقامی کمیونٹی کی استعدادِ کار میں اضافے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
سینٹر کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے بنیادی آلات اور ضروری سہولیات سے لیس کیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب میں مختلف سرکاری محکموں کے نمائندگان، علاقے کے عمائدین، کمیونٹی رہنماؤں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کریشنا راج ایدیکاری نے کہا کہ گلاف ٹو منصوبہ مقامی سطح پر کمیونٹیز کو بااختیار بنانے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی ایک بہترین مثال ہے۔
غلکین کی کمیونٹی نے جس جذبے، شراکت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے گلاف ٹو پراجیکٹ کو کامیابی سے پای تکمیل تک پہنچانے پر حکومتِ گلگت بلتستان اور مقامی کمیونٹی کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ یو این ڈی پی مستقبل میں بھی خطے کی موسمیاتی لچک بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
اس موقع پر محکمہ منصوبہ بندی و ترقی، حکومتِ گلگت بلتستان کے ڈپٹی چیف، راجہ میر نظیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ گلاف ٹو پراجیکٹ گلگت بلتستان جیسے حساس اور پہاڑی خطے کے لیے نہایت اہم ہے، جہاں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث قدرتی آفات کے خطرات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ غلکین میں قائم کیا جانے والا یہ کمیونٹی بیسڈ ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ سینٹر مقامی سطح پر آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مؤثر طور پر مضبوط کرے گا۔


