گلگت: چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کا کارڈیالوجی ہسپتال کا دورہ، 67 کروڑ سے زائد مالیت کی جدید مشینری کا افتتاح
گلگت : چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے کارڈیالوجی ہسپتال گلگت کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 67 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی جدید طبی مشینری کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت گلگت بلتستان آصف اللہ خان نے چیف سیکرٹری کو ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات، جاری ترقیاتی منصوبوں اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران چیف سیکرٹری نے امراضِ قلب ہسپتال میں فراہم کی جانے والی صحت سہولیات اور محکمہ صحت کے تحت جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ہسپتال کے انتظامی و طبی امور کو مزید مؤثر اور بہتر بنایا جائے۔
چیف سیکرٹری ابرار احمد مرزا نے اس موقع پر کہا کہ حکومتِ گلگت بلتستان عوام کو بہتر اور معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ امراضِ قلب جیسے حساس شعبے میں جدید مشینری کی تنصیب سے خطے کے عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور مریضوں کو بڑے شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت کم ہو جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔


