ہنزہ : اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) اور حکومتِ گلگت بلتستان کے اشتراک سے جاری گلاف ٹو پراجیکٹ کے تحت ضلع ہنزہ کے دورافتادہ گاؤں شمشال میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے قائم کمیونٹی سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ہنزہ نظام الدین نے کمیونٹی سنٹر اور اس سے متصل سیف ہیون کا افتتاح انجام دیا۔
افتتاحی تقریب میں مختلف سرکاری اداروں کے ذمہ داران، علاقے کے عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ہنزہ نظام الدین نے کہا کہ شمشال جیسے دورافتادہ علاقوں میں یو این ڈی پی گلاف ٹو پراجیکٹ کے تحت عوامی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات قابلِ تعریف ہیں۔ ان اقدامات سے مقامی لوگوں کو قدرتی آفات کے خطرات سے بروقت اور موثر انداز میں نمٹنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ شمشال ضلع ہنزہ کا سب سے پسماندہ اور قدرتی آفات کے خطرات سے دوچار علاقہ ہے، لہٰذا یو این ڈی پی اور دیگر امدادی اداروں کو اس علاقے کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے شمشال ویلی کو گلاف پراجیکٹ میں شامل کرنے پر یو این ڈی پی اور وفاقی وزارتِ ماحولیات کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر یو این ڈی پی کے صوبائی کوآرڈینیٹر رشیدالدین نے شمشال ویلی میں گلاف پراجیکٹ کے تحت جاری منصوبوں خصوصاً ارلی وارننگ سسٹم کے فنکشنز سے متعلق شرکاء کو تفصیلی آگاہی دی۔ تقریب میں گلاف پراجیکٹ سے وابستہ سرکاری اداروں، جن میں پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ، جی بی آر ایس پی اور واٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ذمہ داران شامل تھے، نے اپنے اپنے کام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔


