گلگت: سلطان آباد میں دارخانہ سول سوسائٹی کے زیرِ اہتمام اور اسماعیلی سوک کے تعاون سے منعقد ہونے والی سلطان آباد فٹسال لیگ سیزن 7 کا شاندار اختتام ہوا۔
اس لیگ کا نعرہ “ایک گول = 10 درخت” رکھا گیا تھا، جس کا مقصد نہ صرف کھیل کے ذریعے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا تھا بلکہ ماحولیاتی تحفظ اور شجرکاری کی اہمیت کو بھی اجاگر کرنا تھا۔
اس نعرے کے پیچھے ایک خاص مقصد تھا۔ سال 2025 میں سلطان آباد کے علاقے میں سیلاب کی شدید تباہ کاریاں ہوئی تھیں، خاص طور پر دنیور نالہ میں طغیانی نے بہت سے گھروں اور زرعی اراضی کو نقصان پہنچایا تھا۔ اس تباہ کن سیلاب نے مقامی کمیونٹی کو ماحولیاتی مسائل اور قدرتی آفات کے حوالے سے گہرے طور پر سوچنے پر مجبور کیا۔ اسی پس منظر میں اس لیگ کے منتظمین نے فیصلہ کیا کہ ہر گول کے بدلے 10 درخت لگائے جائیں گے تاکہ نہ صرف ماحولیاتی توازن بہتر بنایا جا سکے بلکہ آئندہ ایسی قدرتی آفات کے اثرات کو کم کرنے میں بھی مدد ملے۔
لیگ میں کل 32 ٹیموں نے حصہ لیا اور مجموعی طور پر 63 میچز کھیلے گئے جن میں کھلاڑیوں نے 150 گول اسکور کیے۔ اس کے مطابق منتظمین نے اعلان کیا کہ 1,500 درخت علاقے میں لگائے جائیں گے تاکہ شجرکاری کے ذریعے ماحول کو بہتر بنایا جا سکے اور قدرتی آفات کے خلاف کمیونٹی کی مضبوطی میں اضافہ ہو۔
اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی جمال الدین، سی ای او روپا نی اکیڈمی، میر محفل اقبال رسول، صدر اسماعیلی ریجنل کونسل، مکھی ڈاکٹر شمس الرحمٰن، کنونیئر اسماعیلی سوک گلگت ریجن رضوان کریم اور دیگر مہمانان نے شرکت کی۔ مہمانان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایسے مثبت سرگرمیوں کو علاقے کی ترقی کا ضامن قرار دیا اور سلطاں آباد کے کمیونٹی اور منتظمین کا۔خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔ مہمانان نے اس موقع پر گلگت بلتستان کے تمام یوتھ کو پیغام دیا کہ وہ منفی سرگرمیوں کو ترک کرتے ہوئے مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اپنا کردار کریں تاکہ گلگت بلتستان کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔
اس تقریب کے دوران SCO کے پروجیکٹ مینیجر انجینئر شعیب کریم کی طرف سے فراہم کردہ انٹرنیٹ سپورٹ کو بھی سراہا گیا جبکہ Falcon Lens GB کی معاونت پر بھی شکریہ ادا کیا گیا۔
فائنل میچ میں Reach Flair FC نے Oshikhandas United کو شکست دے کر چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔ دیگر ایوارڈز میں فیئر پلے ایوارڈ Gupis 11 کو دیا گیا جبکہ پلیئر آف دی سیزن کا اعزاز باسط (Reach Flair FC) کو ملا۔ سہیل (Reach Flair FC) کو مین آف دی میچ، عظیم (Oshikhandas United) کو ہائیسٹ گول اسکورر، اور سلیم اختر (SWANS Youngsters) کو بیسٹ گول کیپر کا اعزاز دیا گیا۔ چیمپئن ٹیم کو دو لاکھ روپے نقد اور ٹرافی جبکہ رنر اپ ٹیم کو ایک لاکھ روپے نقد اور ٹرافی دی گئی۔
منتظمین نے کہا کہ یہ لیگ نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے ساتھ ساتھ ماحول دوست اقدامات کو فروغ دینے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ اس موقع پر انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ آغا خان رورل سپورٹ پروگرام گلگت بلتستان نے صرف درخت مہیا کرنے میں تعاون کیا ہے، جبکہ باقی انتظامات اسماعیلی سوک نے فراہم کیے ہیں۔ اس لیگ کے ذریعے نوجوانوں میں ماحولیات کی حفاظت کا شعور بڑھانے اور کمیونٹی کو قدرتی آفات کے خلاف مضبوط بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ آئندہ اس لیگ کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ اس کا مثبت اثر وسیع تر ہو۔


