گلگت بلتستان اسمبلی کی آئینی مدت 24 نومبر 2025 کو پوری ہونے کے بعد الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے عام انتخابات کے انعقاد کیلئے جامع انتخابی شیڈول ترتیب دے کر وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجہ شاہ باز خان کے دستخطوں سے جاری مراسلے میں صدرِ پاکستان سے 24 جنوری 2026 (ہفتہ) کو پولنگ ڈے مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی عمل یکم دسمبر 2025 سے باقاعدہ طور پر شروع ہوگا۔ شیڈول کے مطابق صدرِ پاکستان کے اعلان کے بعد 2 دسمبر کو چیف الیکشن کمشنر باقاعدہ انتخابی نوٹیفکیشن جاری کریں گے، جس کے اگلے ہی روز 3 دسمبر کو ریٹرننگ افسران عوامی نوٹس جاری کریں گے اور اسی روز کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ شروع ہوگا جو 8 دسمبر تک جاری رہے گا۔
کاغذاتِ نامزدگی کی ابتدائی فہرست 9 دسمبر کو جاری ہوگی جبکہ اسکروٹنی کا عمل 16 دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ نامزدگیوں کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ 20 دسمبر مقرر کی گئی ہے، جن پر فیصلے 27 دسمبر تک سنا دیے جائیں گے۔ اس کے بعد 28 دسمبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی اور اگلے روز 29 دسمبر کو دستبرداری کی آخری مہلت ہوگی۔ امیدواروں کو انتخابی نشانات 30 دسمبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔
قانون کے مطابق حتمی فہرست کے اجراء کے کم از کم 28 روز بعد پولنگ دن مقرر کیا جا سکتا ہے، جس کے تحت الیکشن کمیشن نے 24 جنوری 2026 کی تاریخ تجویز کی ہے۔ مجموعی طور پر انتخابی پروگرام 54 دنوں پر محیط ہوگا۔
مراسلہ وزارتِ امورِ کشمیر و گلگت بلتستان اسلام آباد کو ارسال کر دیا گیا ہے جبکہ پولنگ ڈے کا حتمی اعلان صدرِ پاکستان کی منظوری سے کیا جائے گا۔


