گلگت۔
ویژن ویلفیئر فاؤنڈیشن گلگت کے زیرِ انتظام نگر خاص، ضلع نگر میں بصارتی معذوری کی حامل خواتین کے لیے آگہی، رہنمائی اور سماجی شمولیت کے موضوع پر ایک اہم Mobilization & Counselling پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کا اہتمام پرنس برکت فاؤنڈیشن کے تعاون اور آغا خان رورل سپورٹ پروگرام (AKRSP) کے AGEM Grant کی معاونت سے کیا گیا۔
پروگرام میں علاقے بھر سے بصارتی اور جسمانی معذوری کا سامنا کرنے والی خواتین و حضرات، سماجی رہنماؤں، اساتذہ اور معززینِ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد معذور افراد، خصوصاً خواتین، کو باوقار طرزِ زندگی، تعلیم اور معاشی شمولیت کے مواقع سے روشناس کرانا تھا۔
تقریب میں ویژن ویلفیئر فاؤنڈیشن کی زیرِ تربیت باہمت خواتین نسیدہ خاتون، جمعہ پری، فرامک خالدہ اور مہوش نے اپنی زندگی کی حقیقی کامیابیوں پر مبنی کہانیاں پیش کیں۔ ان خواتین نے بتایا کہ کس طرح بصارتی معذوری کے باوجود انہوں نے تعلیم اور عملی زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ شرکائے تقریب نے ان کہانیوں کو بھرپور سراہا۔
پروگرام سے چیئرمین ویژن ویلفیئر فاؤنڈیشن سید ارشاد کاظمی، نامور عالم دین غلام عباس سعادی، وائس چیئرمین ڈاکٹر سید منیر حسین، پرنس برکت فاؤنڈیشن کے منیجر ناصر عباس اور صدر ویژن ویلفیئر فاؤنڈیشن سکینہ اُلفت کاظمی نے خطاب کیا۔ مقررین نے معذوری کا سامنا کرنے والے افراد کی جدوجہد، ہمت اور کامیابیوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ دور دراز علاقوں میں ایسے اقدامات سماجی تبدیلی کی جانب ایک مؤثر قدم ہیں۔
اس کونسلنگ اور موبلائزیشن پروگرام کو علاقے میں معذور افراد کے لیے آگہی، تربیت اور شمولیت کے فروغ کی سمت ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔


