لاہور میں بیرونِ ملک ورک ویزے پر جانے کے خواہش مند 187 سادہ لوح افراد سے مبینہ طور پر تقریباً 6 کروڑ روپے کے فراڈ کا الزام سامنے آیا ہے، متاثرین نے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔
متاثرین کا الزام ہے کہ سنگھ پورہ لاہور میں قائم سکل بریج ٹریول ٹورز اینڈ ویزا کنسلٹنٹس نے فراڈ کیا۔ متعلقہ کمپنی کے مالکان عثمان اور جاوید الرحمان نے انہیں آذربائیجان کے ورک ویزے پر بھجوانے کا جھانسہ دیا، لاکھوں روپے فی کس وصول کیے اور بعد ازاں مبینہ طور پر غائب ہوگئے۔
متاثرین کے مطابق فراڈ کا شکار ہونے والوں میں لاہور، فیصل آباد، کراچی، سکھر سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔ کمپنی نے ورک ویزوں کے ساتھ ساتھ پاسپورٹس اور ایئر ٹکٹس کے نام پر بھی رقم وصول کی، تاہم وعدے پورے نہ کیے گئے۔
متاثرین کے مطابق انہوں نے مبینہ فراڈ کے خلاف تقریباً دو ماہ قبل ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ ونگ میں درخواستیں جمع کرائیں، تاہم اب تک کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ متاثرین کی جانب سے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ کے نام درخواستیں دیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
متاثرین نے حکومت اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے مطالبہ کیا ہے کہ مبینہ طور پر فراڈ میں ملوث ملزمان عثمان اور جاوید الرحمان کو فوری گرفتار کیا جائے، جبکہ ان کے شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جائیں تاکہ ملزمان مبینہ طور پر رقم لے کر بیرونِ ملک فرار نہ ہوسکیں۔


