spot_imgspot_imgspot_imgspot_img
30 July, 2026

کالم / تجزیہ

spot_img

مقبول خبریں

spot_img

جناح اسپتال کراچی میں جدید ترین بریسٹ ریڈی ایشن بے قائم


پاکستان میں بریسٹ کینسر کے علاج میں اہم پیش رفت سامنے آگئی جہاں کراچی کے جناح اسپتال میں جدید ترین بریسٹ ریڈی ایشن بے قائم کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ بلقیس و عبدالستار ایدھی بریسٹ ریڈی ایشن بے قائم کردی گئی ہے۔

منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں پہنچ گیا ہے، جس کے فعال ہونے کے بعد بریسٹ کینسر کے مریضوں کو جدید ریڈی ایشن علاج کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔ سندھ حکومت، پیشنٹ ایڈ فاؤنڈیشن اور ایدھی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے قائم کیے جانے والے اس منصوبے میں ایک ارب روپے سے زائد مالیت کی جدید ٹوموتھراپی ٹیکنالوجی نصب کی گئی ہے۔

جدید مشینوں کے ذریعے ریڈی ایشن علاج کو زیادہ مؤثر اور کم وقت میں مکمل کرنے کی سہولت میسر آئے گی۔ شعبہ سائبر نائف کے سربراہ پروفیسر طارق محمود کہتے ہیں کہ  روایتی طور پر 20 سے 22 سیشنز پر مشتمل ریڈی ایشن علاج جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اب صرف 5 سیشنز میں مکمل کیا جا سکے گا جبکہ جدید مشینوں میں ریڈی ایشن کے دوران دل کو براہ راست نقصان سے محفوظ رکھنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ریڈی ایشن کو زیادہ درستگی کے ساتھ متاثرہ حصے تک پہنچانے اور صحت مند اعضا کو غیرضروری شعاعوں سے محفوظ رکھنے میں مدد ملے گی۔

ماہرین کے مطابق بریسٹ کینسر خواتین میں پایا جانے والا ایک عام سرطان ہے، جو چھاتی کے خلیوں میں غیرمعمولی اور بے قابو نشوونما کے نتیجے میں پیدا ہوتا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں تشخیص اور بروقت علاج سے اس بیماری پر قابو پانے کے امکانات نمایاں طور پر بڑھ جاتے ہیں، تاہم تاخیر کی صورت میں کینسر جسم کے دیگر حصوں تک پھیل سکتا ہے۔

چھاتی میں گٹلی، سائز یا شکل میں تبدیلی، جلد پر گڑھے پڑنا، نپل سے غیرمعمولی اخراج یا نپل کی ساخت میں تبدیلی اس بیماری کی ممکنہ علامات میں شامل ہیں، تاہم ان علامات کی موجودگی میں حتمی تشخیص کے لیے ڈاکٹر سے معائنہ اور ضروری ٹیسٹ کرانا ضروری ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بریسٹ کینسر کے علاج میں جدید ریڈی ایشن ٹیکنالوجی ایک اہم پیش رفت ہے، تاہم بیماری کے خلاف مؤثر حکمت عملی کے لیے خواتین میں آگاہی پیدا کرنا، بروقت اسکریننگ اور ابتدائی تشخیص کو فروغ دینا بھی ضروری ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں