پی ڈی ایم اے سندھ نے صوبے میں بارشوں اور طوفان کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ کے مطابق محکمہ موسمیات نے سندھ کے مختلف اضلاع میں آج سے 25 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔سلمان شاہ نے بتایا کہ حیدرآباد، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین اور سانگھڑ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، مٹیاری،جامشورو اور شہید بینظیر آباد میں بھی 25 جولائی تک بارش متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر اور خیرپور میں ہلکی سے معتدل بارش ہو سکتی ہے جبکہ لاڑکانہ، نوشہروفیروز اور ٹھٹھہ میں آج اور کل گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی سے کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
سلمان شاہ نے کہا کہ پی ڈی ایم اے سندھ مون سون بارشوں سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہے اور ڈی واٹرنگ پمپس آپریشن کے لیے تیار ہیں۔ نشیبی علاقوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور اربن یا فلیش فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہونے پر مشینری فوری طور پر منتقل کی جائے گی۔


